کراچی: محکمہ موسمیات نے شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ شہر میں آئندہ دنوں کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 20.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب تقریباً 95 فیصد ہونے کے باعث شہریوں کو حبس اور گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہو سکتی ہے۔ اس وقت شہر میں شمال مغرب کی سمت سے تقریباً 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔ ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے باعث درجہ حرارت مزید بڑھ سکتا ہے، اس لیے شہری بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال زیادہ رکھیں۔
دوسری جانب ایران کی حالیہ صورتحال کے باعث آلودہ ذرات پاکستان کے مغربی علاقوں تک پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس سے ان علاقوں میں فضائی معیار متاثر ہو سکتا ہے۔ ملک کے دیگر حصوں کی بات کی جائے تو خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ اسی طرح پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بھی جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم شمالی اضلاع میں جزوی ابر آلود موسم کی توقع ہے۔ ادھر کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ کشمیر کے چند علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





