وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی رہائی کے لیے فورس بنانے کا اعلان کر دیا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ انہیں بانی کی جانب سے اسٹریٹ موومنٹ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات پر عمل نہیں ہو رہا اور ذاتی معالجین تک رسائی بھی نہیں دی جا رہی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ بانی پی ٹی آئی رہائی فورس قائم کی جائے گی، جس کی باقاعدہ رجسٹریشن ہوگی۔ ان کے مطابق یہ فورس پرامن جدوجہد کرے گی اور عید کے فوراً بعد 22 فروری کو پشاور میں فورس ممبران سے حلف لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ فورس کا باقاعدہ چین آف کمانڈ ہوگا اور عمران خان جسے ذمہ داری دیں گے، وہی اس کی کمان سنبھالے گا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پہلے تیاری کی جائے گی اور اس کے بعد جدوجہد کی جائے گی، جو جمہوریت، آئین کی بالادستی اور آزاد میڈیا کے لیے ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی میں جو لوگ انہیں ہٹانے کی خواہش رکھتے ہیں وہ جان لیں کہ عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے، جبکہ انہیں ہٹانے سے متعلق پیغام کس نے دیا، اس بارے میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے پوچھا جا سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






