خیبر پختونخوا میں عزم استحکام ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق لکی مروت میں کی گئی کارروائیوں کے دوران خوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے جبکہ کئی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور مقامی آبادی کو نقصان سے بچانے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے کٹھی کلی میں بھی کارروائی کے دوران خوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے، جبکہ دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بموں کو بھی ناکارہ بنایا گیا، جبکہ کارروائیوں میں زمینی دستوں کے ساتھ کواڈ کاپٹرز کا استعمال بھی کیا گیا۔
اس کے علاوہ باجوڑ کے علاقے شاکرو میں بھی سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران خیبر پختونخوا میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں کئی دہشت گرد ہلاک اور متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے۔





