پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں سادہ اکثریت حاصل کرنے کے بعد حکومت سازی کے لیے اہم فیصلے کر لیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پارٹی نے مہاجرین کی نشستوں پر منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی کو کابینہ میں شامل نہ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی سربراہ نواز شریف نے حکومت سازی کے حوالے سے پالیسی واضح کر دی ہے۔ لیگی رہنماؤں نے انہیں مشورہ دیا کہ مہاجرین کی نشستوں سے منتخب ارکان کو کابینہ میں شامل کرنے سے ریاستی خزانے پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ عظمیٰ کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں میں بھی پارٹی پالیسی سے آگاہ کیا گیا، جبکہ متعدد سینئر رہنماؤں نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے لابنگ شروع کر دی ہے۔
پارٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومت سازی کے لیے مختصر کابینہ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کابینہ میں سینئر، تجربہ کار اور نومنتخب لیگی ارکان اسمبلی کو ترجیح دی جائے گی۔






