متحدہ عرب امارات کی فتویٰ کونسل نے رمضان المبارک 2026 کے لیے صدقۂ فطر، فدیہ اور دیگر شرعی ادائیگیوں کی سرکاری رقوم کا اعلان کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ہر شخص کے لیے صدقۂ فطر 2.5 کلو چاول یا اس کی نقد قیمت 25 درہم مقرر کی گئی ہے۔ روزہ نہ رکھ سکنے والے افراد کے لیے فدیہ ایک مسکین کو 3.25 کلو گندم یا 20 درہم فی دن کے حساب سے ادا کی جائے گی۔ فدیہ کھانا کھلانے کی صورت میں بھی یہی رقم لاگو ہوگی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ رمضان کا روزہ جان بوجھ کر توڑنے پر فدیہ 1,200 درہم ہوگا جو 60 مستحق افراد میں تقسیم کیا جائے گا، جبکہ حج یا عمرہ کے دوران کسی ممنوعہ عمل پر فدیہ 120 درہم ہوگا جو چھ مستحقین کو دیا جائے گا۔ ایک افطار کھانے کی کم از کم قیمت 20 درہم مقرر کی گئی ہے۔
ترجمان فتویٰ کونسل نے واضح کیا کہ ہر صاحبِ حیثیت مسلمان مرد اور عورت پر صدقۂ فطر ادا کرنا واجب ہے اور زکوٰۃ الفطر رمضان کے دوران مستحقین کو دی جا سکتی ہے، جس کی ادائیگی عیدالفطر کی نماز سے قبل تک کی جا سکتی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اپنی ادائیگیاں زکوٰۃ فنڈ، امارات ریڈ کریسنٹ یا تسلیم شدہ خیراتی اداروں کے ذریعے کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






