ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقے آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور، پشاور، ملتان اور فیصل آباد میں شدید گرمی کا امکان ہے جہاں درجہ حرارت 42 سے 43 ڈگری تک رہ سکتا ہے۔
خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں شام یا رات میں بارش متوقع ہے جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں موسم شدید گرم اور گرد آلود ہواؤں کی توقع ہے۔
کشمیر میں موسم گرم اور خشک جبکہ گلگت بلتستان میں رات کو بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا کہ عیدالضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران شدید گرمی کی لہر برقرار رہ سکتی ہے، 12 جون تک ملک بھر میں درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں غیر معمولی گرمی متوقع ہے۔ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری زیادہ ریکارڈ ہونے کی پیشگوئی ہے۔
6 جون کو عیدالضحیٰ کے دنوں میں موسم کے حوالے سے ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا گیا تھا اور عوام کو غیر ضروری باہر نکلنے اور پانی کا استعمال بڑھانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ضلعی انتظامیہ سمیت متعلقہ محکمے متوقع ہیٹ ویو کے پیش نظر الرٹ رہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے ہیلتھ، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کیا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ 7 سے 12 جون تک پنجاب کے بڑے شہروں اور میدانی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے اور ہیٹ ویو کے خدشات ہیں اور آئندہ چند روز میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے۔
ترجمان نے خبردار کیا تھا کہ 12 جون تک درجہ حرارت کے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا خدشہ ہے، اس دوران جنوبی و وسطی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں