جنوبی سوڈان کی یونٹی اسٹیٹ میں ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق اسٹیٹ یونیٹی کے وزیر برائے اطلاعات نے کہا کہ جنوبی سوڈان کے شمال میں ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے۔
گیٹ ویچ بپل بوتھ نے اے ایف پی کو بتایا کہ جہاز میں 21 افراد سوار تھے، صرف ایک مسافر زندہ بچ گیا ہے، مزید بتایا کہ طیارہ رن وے سے محض 500 میٹر (گز) کے فاصلے پر مقامی وقت کے مطابق صبح 10:30 بجے کے قریب گر کر تباہ ہوا، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ طیارہ گریٹر پاینیر آپریٹنگ کمپنی کی طرف سے چارٹر جبکہ لائٹ ایئر سروسز ایوی ایشن کمپنی کے ذریعے چلایا گیا، اور یہ علاقے میں معمول کے مشن پر تھا۔
قبل ازیں، غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے اقوام متحدہ کے ریڈیو میرایا کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ جنوبی سوڈان کی یونٹی اسٹیٹ میں بدھ کے روز ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے زیر انتظام ریڈیو میرایا کے مطابق طیارہ شمالی ریاست میں ایک آئل فیلڈ سے روانہ ہونے کے بعد گر کر تباہ ہوا۔
واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں جنگ زدہ جنوبی سوڈان میں کئی فضائی حادثے ہو چکے ہیں، ستمبر 2018 میں دارالحکومت جوبا سے یرول شہر جانے والا چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں کم از کم 19 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں