شارجہ :گھر میں خوفناک آتشزدگی ،پاکستانی شہری بیٹی سمیت ہلاک ہو گیا

شارجہ (پی این آئی) متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کے شہر شارجہ میں اپارٹمنٹ میں آگ بھڑک اٹھنے کے بعد پاکستانی شہری عمران خان اور ان کی 11 سالہ بیٹی دم گھٹنے سے ہلاک ہو گئے ہیں۔

خلیج ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی صبح پیش آیا۔امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل ترمذی نے کہا کہ ’عمران خان اپنے خاندان کے ساتھ شارجہ میں مقیم تھے جہاں یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔‘ پاکستانی سفیر نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ ’شارجہ میں مقیم ایک پاکستانی شہری کے گھر میں آج صبح یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔ خاندان کے سربراہ عمران خان اور ان کی ایک بچی اس حادثے میں ہلاک ہو گئے جبکہ ان کی اہلیہ اور دو بچوں کو القسیمی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا ہے۔‘یہ حادثہ شارجہ کے رہائشی علاقے مویلح میں پیش آیا اور ہلاکتیں دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئیں۔

فیصل ترمذی کا کہنا تھا کہ دبئی میں پاکستانی قونصل خانہ اس کمپنی سے رابطے میں ہے جہاں عمران خان ملازمت کرتے تھے۔انہوں نے کہا ’پاکستانی قونصل خانے نے دکھ اور آزمائش اس کی گھڑی میں متاثرہ خاندان کو ہر ممکن تعاون اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔‘

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں