غزہ (آئی این پی )حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی میں دو روز کی توسیع کردی گئی ۔قطری وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حماس اور اسرائیل نے جنگ بندی میں 2 روز کی توسیع پر اتفاق کرلیا ۔قطر نے کہا کہ اس کی کوشش ہے کہ عارضی جنگ بندی مستقل جنگ بندی میں تبدیل ہوجائے۔حماس کی جانب سے جنگ بندی میں دو روزہ توسیع کی تصدیق کی گئی ۔
حماس کے مطابق جنگ بندی میں دو روزکی توسیع پر قطر اور مصر سے اتفاق کرلیا ہے۔ حماس کا کہنا ہیکہ جنگ بندی کے دوران مزید قیدیوں کی رہائی کے لیے فہرست تیار کرلی گئی ہے، جنگ بندی میں دو روزہ توسیع کی شرائط پہلے والے جنگ بندی معاہدے جیسی ہی ہیں۔خیال رہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان 4 روزہ عارضی جنگ بندی معاہدے کا آج آخری روز تھا۔حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی کے معاہدے کا اطلاق جمعہ سے ہوا تھا جس کے بعد دونوں جانب سے درجنوں یرغمالیوں کو رہا کیا جاچکا ہے۔اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم نے اتوار کے روز جوبائیڈن سے ملاقات میں کہا تھا کہ ہم جنگ بندی معاہدے میں توسیع کا خیر مقدم کریں گے تاہم اس کے بدلے حماس روزانہ کی بنیاد پر 10 یرغمالیوں کو رہا کرے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ شام ہم یرغمالیوں کے ایک اور گروپ کو واپس لے آئے ہیں جن میں بچے اور خواتین شامل ہیں۔تاہم اسی دوران نیتن یاہو نے یہ بھی واضح کیا کہ جیسے ہی عارضی جنگ بندی کا خاتمہ ہوگا اسرائیل پوری طاقت کے ساتھ اپنے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے حملے کرے گا۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں