اسلام آباد(پی این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان نے 9 مرلہ زمین پر مالک کو بغیر معاوضہ ادائیگی روڈ بنانے پر حکومت پنجاب کو 10لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔
عدالت نے حکومت پنجاب کو 30روز میں موجودہ ریٹ کے مطابق رقم کی ادائیگی کا حکم دیدیا،عدالت نے جرمانے کی رقم بھی زمین مالک کو ادا کرنے کی ہدایت کردی ۔پنجاب حکومت نے گوجرانوالہ میں شہری لیاقت علی کی زمین پر 2007میں سڑک بنائی تھی،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی،فضول مقدمہ بازی کرنے پر چیف جسٹس نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب پر برہمی کااظہار کیا۔چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ سرکار نے کسی کی زمین پر بغیر اجازت اور معاوضہ سڑک کیسے بنائی؟درخواست گزار نے سرکار کو زمین گفٹ نہیں کی،ایسے فضول مقدمہ کی درخواست آپ نے سپریم کورٹ میں کیوں دائر کی؟چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ ہمارا کام یہ رہ گیاکہ ہم ایڈووکیٹ جنرل کو آئین پڑھاتے رہیں؟حقیقی مقدمات سائیڈ لائن کرکےفضول اور غلط مقدمات فائل کئے جاتے ہیں،فضول مقدمات فائل کرکے عوامی وسائل کیساتھ عدالتی وقت کا ضیا ع کیا جارہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں