صورتحال کشیدہ ہوگئی، بھارت کو ایک اور ریاست میں کرفیو لگاناپڑ گیا، کنٹرول فوج نے سنبھال لیا

نئی دہلی (پی این آئی) بھارت کی ریاست منی پور میں قبائل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں امن و امان کی صورتِ حال خراب ہونے کے بعد کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جب کہ فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے دستوں نے کشیدہ علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق مقامی پولیس ترجمان نےمیڈیا کو بتایا کہ منی پور کے8 اضلاع میں حالات خراب ہونے کے بعد ریاستی حکومت نے کرفیو نافذ کر دیا ہے جب کہ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔منی پور کے شہر امپھال، چراچند پور اور کنگ پوکپی میں جلاؤ گھیراؤ اور تشدد کے واقعات کی بھی اطلاعات ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مقامی اور غیر مقامی قبائلی افراد کے درمیان تصادم کے بعد امن و عامہ کی صورتِ حال خراب ہوئی ہے۔صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے فوج اور نیم سرکاری دستے کشیدہ علاقوں میں فلیگ مارچ بھی کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ منی پور کی غیر قبائلی آبادیوں کا مطالبہ ہے کہ انہیں قبائل کا درجہ دیا جائے تاکہ ان کی آبائی زمینوں، ثقافت اور شناخت کو قانونی تحفظ مل سکےدوسری جانب اس مطالبے کے خلاف منی پور کے قدیم قبائلیوں کی تنظیمیں احتجاج کر رہی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں