آج دھڑالے کی بارشوں کیلئے تیار رہیں، محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز خیبر پختونخوا،کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی پنجاب اور شمالی بلو چستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے جب کہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد رہے گا۔

ہفتے کے روز پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابرآلود رہے گا تاہم خطۂ پوٹھوہار ، سیالکوٹ،لاہور، فیصل آباد ، گوجرانوالہ، گجرات اور نارووال میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے ۔ مری ،گلیات اور گردو نواح میں موسم شدید سرد اور بارش اور برفباری متوقع ہے ۔ اس دوران ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ اور خانیوال میں بھی بوندا باندی ہوگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورمطلع جز وی ابر آلودر ہے گا، تاہم کوہستان، چترال، دیر، دروش،بالاکوٹ،سوات، مالاکنڈ،ہری پور،ایبٹ آباد، مانسہرہ،بونیر ،پشاور،شانگلہ، کرم اور وزیرستان میں ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، زیارت،چمن، پشین، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ اور مسلم باغ میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے جبکہ دیگر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے کے ساتھ بارش اور برفباری کی توقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں