اسلام آباد /پشاور/لاہور(پی این آئی) ملک کے بیشتر اضلاع میں بادلوں اور بوندا باندی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں بادلوں کا راج رہا، آئندہ 24گھنٹوں کے دوران خطہ پوٹھوہار میں ہلکی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات اور گرد و نواح میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دیر، چترال، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ اور کوہاٹ میں بارش اور برفباری متوقع ہے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند پڑنے کا بھی امکان ہے، سکھر، لاڑکانہ، حیدر آباد اور موہنجوداڑو میں بھی ہلکی دھند پڑسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں درجہ حرارت 10 سنٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، لاہور میں 7، مری میں منفی ایک، فیصل آباد اور ملتان میں 3، کراچی اور حیدرآباد میں 15، سکھر میں 5 اور مٹھی میں 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔کوئٹہ میں منفی صفر، قلات منفی 7، اور سبی میں چار ریکارڈ کیا گیا، پشاور 7، دیر میں منفی 4، اور ایبٹ آباد میں منفی 2 ریکارڈ کیا گیا، گلگت میں 3، اسکردو منفی 14، اور ہنزہ میں منفی 8 سینٹی گریڈ رہا۔
دریں اثناء شدید دھند کے باعث، حدنگاہ متاثر ہونے پر لاہور،اسلام آباد موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ سرور، پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد موٹروے ایم 3 درکھانہ سے جڑانوالہ اور سکھر ملتان موٹروے ایم 5 شیرشاہ سے ظاہر پیر تک ٹریفک کیلئے بند کر دی گئیں۔فیصل آباد ملتان موٹروے ایم 4 مکمل بند کردی گئی، قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں