اسلام آباد (پی این آئی ) عالمی وباء کورونا وائرس سے اب تک محفوظ ملک میں کورونا کا پہلا کیس سامنے آگیا ، نیوزی لینڈ کے قریب واقع ملک ٹونگا میں رواں ہفتے کرونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ سے ٹونگا واپس آنے والے شخص میں قرنطینہ کے دوران کورونا وائرس پایا گیا ، جب کہ متاثرہ شخص کو مکمل ویکسین بھی لگائی گئی تھی۔
بتایا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ سے وطن واپسی کی پرواز میں ٹونگا کی اولمپک ٹیم کے ارکان بھی موجود تھے، جو ٹوکیو گیمز کے بعد سے کرائسٹ چرچ میں پھنسے ہوئے تھے ، اولمپکس کیلئے روانہ ہونے سے قبل کھلاڑیوں کو مکمل طو پر کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی تھی ، ادھر نیوزی لینڈ کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ کرائسٹ چرچ سے پرواز سے پہلے متاثرہ شخص کا ٹیسٹ منفی آیا تھا ، جہاں کورونا کے صرف 4 کیس سامنے آئے ہیں اور ان سب کا تعلق ایک ہی گھرانے سے ہیں۔ملک میں پہلا کورونا کیس رپورٹ ہونے پر ٹونگا کے وزیر اعظم پوہیوا ٹیونیٹوا نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے مرکزی جزیرے ٹونگا ٹاپو کے رہائشیوں کو کورونا کا پہلا کیس ریکارڈ کرنے کے بعد اگلے ہفتے ممکنہ طور پر لاک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ بحر الکاہل کے کنارے واقع یہ چھوٹا سا ملک ہے ، ٹونگا ان چند خوش قسمت ممالک میں شامل تھا جو اب تک کرونا وائرس سے محفوظ ہیں ، ٹونگا کی کل آبادی 1 لاکھ 6 ہزار ہے اور آبادی کا بڑا حصہ ٹونگاٹاپو کے مرکزی جزیرے پر آباد ہے اور یہاں کی ایک تہائی سے بھی کم آبادی کو کورونا کے خلاف مکمل طور پر ویکسین لگائی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں