گرمی سے نجات، محکمہ موسمیات نے بارشوں کے نئے سلسلے کے آغاز کی نوید سنا دی

لاہور (پی این آئی) گرمی کو خیرباد کہنے کا وقت آگیا، بارشوں کے نئے سلسلے کے آغاز کی نوید سنا دی گئی، اتوار سے ملک کے کئی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان، بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں کمی آنے کی امید۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جنوب مشرقی سندھ، بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔جبکہ ماہرین موسمیات کی ایک اور رپورٹ کے مطابق ملک کے کئی علاقوں میں اتوار اور پیر سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے اس سلسلے کے باعث ملک کے شمالی علاقوں میں موسم ٹھنڈا ہو جائے گا، جبکہ اسلام آباد، پنجاب اور سندھ میں بارشیں ہونے کی صورت میں گرمی کی شدت میں واضح کمی آئے گی۔مزید بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ کے دوران اب تک ہونے والی غیر متوقع بارشوں کی وجہ سے بیشتر علاقوں میں پہلے ہی درجہ حرارت میں واضح کمی آ چکی، جبکہ مزید بارشوں کی صورت میں موسم مزید خوشگوار ہو جائے گا۔واضح رہے کہ رواں برس ملک میں مون سون سیزن معمول سے کچھ زیادہ طویل ہو گیا۔ عمومی طور پر مون سون سیزن کے دوران ماہ اگست میں زیادہ بارشیں ریکارڈ کی جاتی ہیں، تاہم رواں برس ماہ ستمبر میں بھی ٹھیک ٹھاک بارشیں ہو چکیں، جبکہ رواں ماہ کے دوران مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ یہاں یہ یاد رہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں ستمبر کے وسط کے بعد سے گرمی کی شدت میں واضح کمی آ جاتی ہے، جبکہ اکتوبر کے وسط سے کئی علاقوں میں موسم کسی حد تک سرد بھی ہونے لگتا ہے۔ گزشتہ کئی ماہ سے شدید گرمی کا سامنا کرنے والے شہریوں کی جانب سے اب موسم سرما کی آمد کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں