سعودی عرب نے پاکستان سمیت کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے مقیم غیر ملکیوں کو آنے کی اجازت دیدی

ریاض(آئی این پی)سعودی عرب نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے مقیم غیر ملکیوں کو مملکت آنے کی اجازت دے دی ہے۔ پاکستان کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر نے ایک عرب ویب سائیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ پابندی والے ممالک جن میں پاکستان شامل ہے سے تعلق رکھنے والے مقیم تارکین جنہوں نے منظور شدہ ویکسین کی دو خوراکیں لگوائی ہیں سعودی عرب آسکتے ہیں۔سفیر پاکستان کے مطابق مملکت میں مقیم وہ پاکستانی جو کورونا ویکسین کی دو خوراکیں لے کر گئے ہیں انہیں واپسی کی اجازت ہوگی۔سعودی وزارت داخلہ نے بھی بیان میں کہا کہ کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والے مقیم غیرملکی ممنوعہ ممالک سے سعودی عرب واپس آسکتے ہیں۔سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ کے عہدیدار نے بیان میں کہا کہ مملکت نے اس سے قبل مختلف ملکوں سے سعودی عرب آنے پر عارضی پابندی عائد کی تھی۔یہ پابندی ممنوعہ ممالک سے گزرنے والے ان لوگوں پر بھی تھی جو مملکت آنے سے 14 روز کے اندر ممنوعہ ممالک میں سے کسی ایک ملک گئے ہوں یا وہاں سے گزرے ہوں۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اب اس بات کی اجازت دی گئی ہے کہ ممنوعہ ممالک سے ایسے مقیم غیرملکی سعودی عرب واپس آسکتے ہیں جو مملکت سے روانگی سے قبل یہاں کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا چکے ہوں۔یہ لوگ براہ راست سعودی عرب واپس آسکتے ہیں البتہ متعلقہ اداروں کی جانب سے مقرر کردہ تمام حفاظتی تدابیر کی پابندی برقرار رہے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں