پنجشیر میں محاذ آرائی کا خطرہ ٹل گیا، احمد مسعود نے بھی بڑا اعلان کر دیا

کابل (آئی این پی ) افغانستان کے صوبہ پنجشیر میں جنگ کا خطرہ ٹل گیا اور سابق جہادی کمانڈر احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود نے نئی حکومت کی حمایت کا اعلان کردیا۔طاقتور گروپ کی جانب سے دارالحکومت کابل میں کنٹرول کے بعد افغانستان کے سابق نائب صدر امراللہ صالح سمیت کئی مخالفین وادی پنجشیر پہنچ گئے تھے۔اب تک ناقابل تسخیر سمجھے جانے والے صوبہ پنجشیر میںنئی حکومت کے خلاف سخت مزاحمت کا خطرہ تھا، سابق جہادی کمانڈر احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد شاہ نے بھی جنگ کی تیاری شروع کردی تھی اور امریکا سے بھی مدد طلب کی تھی۔تاہم اب تازہ ترین رپورٹس کے مطابق احمد مسعود اور طالبان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور انہوں نےنئی حکومت کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے جس میں امریکا کو مطلوب حقانی گروپ کے اہم ترین کمانڈر اور جلال الدین حقانی کے بھائی خلیل الرحمان حقانی نے کابل میں ایک اجلاس کے دوران کھڑے ہوکر اعلان کیا کہ احمد مسعود نے فون پر نئی حکومت کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ان خبروں کی فوری طور پر آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں