بھارت کیوں رو رہا ہے؟ افغان طالبان کے ترجمان نے وجہ بتا دی

دوحہ (پی این آئی) افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے اشرف غنی کے فرار کے بعد قطر میں مذاکرات کے آپشن کو خارج از امکان قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ انڈیا کا رونا دھونا اس لیے لگا ہوا ہے کہ افغانستان کی حکومت کیوں ختم ہوگئی۔ سہیل شاہین نے کہا کہ اشرف غنی عوام کو بتائے بغیر ملک چھوڑ گئے ان کے اس طرح جانے کی توقع نہیں تھی۔ ملا عبدالغنی برادر قطر میں موجود ہیں لیکن اب دوحہ میں بات چیت کا آپشن اب ختم ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق نائب صدر امراللہ صالح اور دیگر کو افغان عوام نے مسترد کردیا ہے، امراللہ صالح پنج شیر جائیں یا کہیں اور، ان کی اب کوئی حیثیت نہیں ہے۔ بھارت کا رونا دھونا اس لیے ہے کہ سابق افغان انتظامیہ کیوں ختم ہوگئی، بھارت کو چاہیے کہ نئی افغان حکومت کو تسلیم کرے اور اس کا احترام کرے۔سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ طالبان اسلامی حکومت تشکیل دیں گے، وہ بین الاقوامی برادری سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ کابل کی صورتحال کنٹرول میں ہے، چوری اور دیگر جرائم پر متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا، سابق حکام اور اہلکاروں کے گھروں میں گھسنے کی کسی کو اجازت نہیں ہے، کسی کو دھمکی دینے یا گاڑی ہتھیانےکی اجازت نہیں دیں گے۔سہیل شاہین نے کہا کہ طالبان کی نظر میں افغانستان کے سب شہری برابر ہیں، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں