امریکا نے پاکستان کیلئے سفری پابندیوں میں نرمی کردی

واشنگٹن (آن لائن)امریکا نے پاکستان کیلئے سفری پابندیوں میں نرمی کردی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کے لیے اپنی ٹریول ایڈوائزری پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے ’سفر نہیں کریں‘ سے اپ گریڈ کرتے ہوئے ’غیر ضروری سفر سے گریز کریں‘ کی فہرست میں شامل کرلیا۔محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری سفری ہدائت نامے میں کہا گیا ہے ۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے انسداد دہشت گردی اور انسداد عسکریت پسندی کے لیے مؤثر آپریشنز کیے، 2014 کے بعد سے پاکستان کا سیکیورٹی ماحول بہتر ہوا ہے۔ ہدائت نامے میں کہا گیا ہے کہ بڑے شہروں خاص طور پر اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ حفاظتی وسائل اور بنیادی ڈھانچے موجود ہیں اور ان علاقوں میں سیکیورٹی فورسز ملک کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں ہنگامی صورتحال کا جواب دینے کے لیے زیادہ فعال ہو سکتی ہیں۔نظرثانی ایڈوائزری میں نشاندہی کی گئی کہ اگرچہ خطرات اب بھی موجود ہیں لیکن اسلام آباد میں دہشت گرد حملے کم ہوتے ہیں۔ محکمہ خارجہ نے امریکی شہریوں پر زور دیا گیا کہ ’دہشت گردی اور فرقہ ورانہ تشدد کی وجہ سے پاکستان کے سفر پر نظرثانی کریں’ تاہم اس میں کووڈ 19 کی وجہ سے اضافی احتیاط کی تجویز دی گئی کیونکہ ’کچھ علاقوں میں خطرہ بڑھ گیا ہے‘۔ امریکی شہریوں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی اور اغوا کی وجہ سے سابق فاٹا، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کا سفر نہ کریں۔ایڈوائزری میں دہشت گردی اور مسلح تصادم کے امکان کی وجہ سے کنٹرول لائن کے قرب و جوار میں سفر نہ کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔ ایڈوائزری میں امریکی شہریوں کو باور کرایا گیا کہ امریکی حکومت، پاکستان میں سیکیورٹی ماحول کی وجہ سے ہنگامی خدمات فراہم کرنے کی محدود صلاحیت رکھتی ہے، امریکی حکومت کے اہلکاروں کا پاکستان کے اندر سفر محدود ہے اور پشاور میں امریکی قونصل خانہ امریکی شہریوں کو قونصل خدمات فراہم نہیں کرتا‘۔ #/s#

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں