مون سو ن بارشوں کا آغاز، مختلف واقعات میں 3 افراد جان سے گئے، 400 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے

لاہور /پشاور /مظفر آباد(آئی این پی )ملک کے مختلف شہروں میں مون سو ن بارشوں کا آغاز ہوگیا جبکہ شدید بارشوں کے باعث چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا سمیت آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔بارش کے باعث کئی علاقوں بارش کا پانی جمع ہوگیا جبکہ بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ لاہو رمیں آج پھر بادل جم کر برسے جس کے باعث نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔اس کے علاوہ پنجاب کے شہروں کامونکی، حافظ آباد، منڈی بہاالدین،گجرات، جہلم ، سرگودھا، گوجرانوالا سمیت دیگر شہروں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔صوبے کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ پنجاب بھر میں سیالکوٹ میں سب سے زیادہ 193 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔پنجاب میں مختلف علاقوں میں مکانات کی چھتیں گرنے کے واقعات بھی پیش آئے جن میں جانی اور مالی نقصانات بھی ہوئے۔چونیاں میں چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے جبکہ ڈسکہ اور سمبڑیال میں مکانات کی چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔اس کے علاوہ منڈی بہائو الدین میں کرنٹ لگنے سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔ صوبہ سندھ کے شہروں حیدرآباد، ٹنڈوالہار، ٹھٹھہ، میرپورخاص، مٹیاری اور بدین میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔حیدرآباد شہرمیں بارش کی بوندیں پڑتے ہی شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔تلسی داس، اسٹیشن روڈ، قاضی عبدالقیوم روڈ، فقیر کا پڑ، پھلیلی نیو کلاتھ مارکیٹ روڈ کے علاقوں میں پانی بھرگیا جبکہ قاسم آباد، لطیف آباد کے نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہے۔بارش کے باعث حیسکو ریجن کے 4 سوسے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے اور صوبے کی بڑی آبادی بجلی سے محروم ہوگئی۔آزاد کشمیر کے مختلف حصوں اور خیبرپختونخوا کے علاقوں سوات اور دیر میں بھی بارش ہوئی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں