کابل(آئی این پی)نیٹو کمانڈر جنرل اسکاٹ ملر نے طالبان کو افغانستان میں علاقوں پر بزور طاقت قبضے پر تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پر تشدد کارروائیوں کا سلسلہ بند نہیں کیا تو فضائی حملوں کے لیے تیار رہیں۔عالمی میڈیا کے مطابق افغانستان میں نیٹو سربراہ امریکی کمانڈر جنرل اسکاٹ ملر نے کہا کہ میں فضائی حملوں کے حق میں نہیں ہوں لیکن طالبان پر تشدد کارروائیوں کے ذریعے علاقوں پر قبضے سے باز نہ آئے تو فضائی حملے ناگزیر ہوجائیں گے،جنرل اسکاٹ ملر نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ افغانستان سے انخلا کے باوجود امریکی فوجی طالبان پر فضائی حملے کرنے اور انہیں کچلنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، امریکی فوج کے انخلا کے بعد افغان سیکیورٹی فورسز مناسب ایڈجسٹمنٹ کرلیں گے،امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے 11ستمبر تک افغانستان سے اپنی فوجیں واپس بلانے کے اعلان کے بعد سے دیہی علاقوں میں افغان طالبان اور مقامی سیکیورٹی فورسز کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے جس کے دوران درجنوں معصوم جانیں بھی لقمہ اجل بن گئیں جب کہ طالبان نے افغانستان کے 100سے زائد اضلاع پر قبضے کا دعوی کیا ہے، طالبان نے حال ہی میں قندوز شہر کے کئی اضلاع کے ساتھ تاجکستان کے ساتھ ایک اہم سرحدی گزر گاہ پر قبضہ کرلیا اور ملک کے تقریبا تمام بڑے شہروں کو بھی گھیرے میں لے لیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں