ہیملٹن (پی این آئی) قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں نصف سنچری سکور کرنے والے معمر ترین بلے باز بن گئے ہیں۔ محمد حفیظ نے 40 سال اور 64 دن کی عمر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہیملٹن میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میں 99 رنز کی ناقابل شکست باری کھیلی جو ان کے ٹی ٹونٹی کیریئر کی
14 ویں نصف سنچری بھی تھی، اس کے ساتھ ہی وہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل مقابلوں میں نصف سنچری سکور کرنے والے معمر ترین کھلاڑی بھی بن گئے، ان سے قبل مالٹا کے ہائینرک گیرک نے بلگیریا کے خلاف 91 رنز سکور کیے تھے ۔یاد رہے کہ تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔ ہیملٹن میں کھیلے جارہے دوسرے ٹی ٹونٹی میں قومی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔قومی ٹیم کے اوپنر ٹیم کو بڑا سکور نہیں دے سکے اور 16 کے مجموعی سکور پر حیدرعلی 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ،عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔محمد رضوان اور محمد حفیظ نے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا تاہم 33 کے مجموعی سکور پر محمد رضوان 22 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند کا نشانہ بن گئے۔ 33 رنز پر 3 کھلاڑیوں کے نقصان کے بعد قومی ٹیم کو سہارا دینے کے لیے کپتان شاداب خان آئے تاہم وہ بھی 56 کے مجموعی سکور پر صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ سینئر بلے باز محمد حفیظ اور خوشدل شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم کے 100 رنز مکمل کیے۔محمد حفیظ نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی ، دونوں بلے بازوں کی پارٹنر شپ 119 رنز کے مجموعی سکور پر ٹوٹ گئی اور خوشدل شاہ چکھا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے، فہیم اشرف بھی صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے،محمد حفیظ نے آخری اوور میں 2 چوکے اور ایک چھکا لگا کر قومی ٹیم کا سکور 163 تک پہنچ دیا لیکن اوور مکمل ہونے
کے باعث حفیظ صرف ایک رنز سے اپنی پہلی ٹی ٹونٹی سنچری مکمل نہ کرسکے،نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 4 جب کہ جیمز نیشم اور اش سودھی نے 1، 1وکٹ حاصل لی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل اور ٹم سائیفرٹ نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا، گپٹل 11 گیندوں پر 21 رنز بنانے کے پویلین واپس لوٹے۔ ٹم سائیفرٹ اور کیوی کپتان کین ولیمسن نے جارحانہ انداز میں کھیل جاری رکھا اور 20واں اوور مکمل ہونے سے 4 گیند قبل ہی ایک وکٹ کے نقصان پر 164 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ ٹم سائیفرٹ نے 63 گیندوں پر 84 رنز جبکہ کین ولیمسن نے 42 گیندوں پر 57 رنز اسکور کیے۔پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ فہیم اشرف نے حاصل کی۔ میزبان نیوزی لینڈ نے 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ کیوی ٹیم نے میچ میں 4 تبدیلیاں کی ہیں، کپتان کین ولیمسن ٹیم
کی نمائندگی کررہے ہیں جب کہ ان کے علاوہ کائل جیمیسن، ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ بھی میزبان ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں۔واضح رہے کہ 18 دسمبر کو سیریز کے پہلے میچ میں میزبان نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی تھی۔ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں شاداب خان(کپتان)، محمد رضوان، عبدالہ شفیق، حیدر علی، محمد حفیظ، خوشدل شاہ، عماد وسیم، فہیم اشرف، وہاب ریاض، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں جب کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کین ولیمسن(کپتان)، مارٹن گپٹل، ٹم سیفرٹ، ڈیون کونوے، گلین فلپس، جیمز نیشام، کائل جیمیسن، اسکاٹ کگلیجن، ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ اور اش سودھی پر مشتمل ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں