موسلادھار بارشوں کی پیشنگوئی کر دی گئی

ریاض(پی این آئی) سعودی عرب کل متعدد علاقوں میں بارش ہونے سے جہاں گرمی کی شدت میں کمی آ گئی وہاں موسم بھی انتہائی خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آج دوپہر اور شام کو بھی مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، عسیر باحہ اورجازان میں پہلے تیز ہوائیں چلیں گی جن کے بعد موسلادھار

بارش ہو گی۔ اس کے علاوہ ریاض اور مشرقی ریجن میں بھی گرد آلود ہوائیں اُٹھیں گی اوربہت سے مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو گی۔بحیرہ احمر میں بھی طوفانی ہواؤں کے باعث سمندر کی لہریں 2میٹر تک بلند ہوں گی۔بارشوں اورتیز ہواؤں کے باعث اگلے دو ہفتوں تک مملکت میں درجہ حرارت بہت کم رہے گا۔ خصوصاً ریاض اور قصیم کے ریجن میں کم از کم درجہ 20 سینٹی گریڈ سے نیچے آ جائے گا۔جبکہ تبوک اور حائل میں کم سے کم درجہ حرارت 15 سینٹی گریڈ تک گر جائے گا۔ الشرقیہ اور نجران میں بھی درجہ حرارت 20 سینٹی گریڈ تک گرنے کے باعث کئی علاقوں میں ہیٹرز کا استعمال شروع ہو جائے گا۔سعودی محکمہ شہری دفاع کی جانب سے عوام کو خبردارکیاگیا ہے کہ وہ برساتی نالوں، نشیبی علاقوں اور وادیوں کے قریب جانے اور ان کا سفر کرنے سے گریز کریں۔بچوں کو بھی تالابوں اور ندی نالوں کے پاس مت جانے دیں۔شارٹ کٹ کے چکر میں نشیبی علاقوں اور خراب سڑکوں پر ڈرائیونگ نہ کریں، بلکہ بڑی سڑکوں اور شاہراہوں سے ہی گزریں۔ سیلابی ریلوں کا خاص خیال رکھیں جو کئی بار اپنا رُخ موڑ لیتے ہیں۔چند روز قبل بھی کی موسلا دھار بارش سے بھی کئی علاقوں میں پانی اکٹھا ہو گیا ہے اور کئی مقامات پر سیلابی صورت حال بھی پیدا ہو گئی تھی ۔اس کے علاوہ گرد و غبار والے علاقوں میں بھی ڈرائیونگ کرتے وقت احتیاط کریں کیونکہ گرد کے طوفان کی وجہ سے سڑک پر حد نگاہ انتہائی کم ہو جاتی ہے، جس کے نتیجے میں گاڑی چلنا دُشوار ہو جاتا ہے اور کسی حادثے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں