ریاض(پی این آئی)سعودی عرب میں سماجی فروغ بینک نے روزگار سے محروم سعودیوں کے لیے چھوٹے کاروبار چلانے کے لیے پچاس ہزار ریال تک کے قرضے فراہم کرنے کی شرائط جاری کی ہیں۔یہ فنڈ سعودی عرب کے ایسے شہریوں کو دیا جائے گا جو کسی نہ کسی پیشے یا ہنر میں دسترس رکھتے ہوں اور اپنا کام
مہارت سے خود کرنا چاہتے ہوں۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سماجی فروغ بینک نے اپنی ویب سائٹ پرکہا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد روزگار سے محروم شہریوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے یہ قرضے غیر سودی ہوں گے، معمولی نوعیت کی کاروباری اسکیم کے لیے خاص ہوں گے۔سماجی فروغ بینک نے قرضوں کی شرائط مقرر کی ہیں جس کے مطابق قرضے کا امیدوار سعودی شہری ہو یا سعودی اولاد کی ایسی ماں ہو جو باقاعدہ اقامے پر مملکت میں رہ رہی ہو۔امیدوار کی عمر 18 سے 60 برس تک ہونی چاہیے۔ پیشہ ورانہ اور جسمانی لحاظ سے اپنا کاروبار خود کرسکتا ہو۔ اسےاقرار نامہ جمع کرانا ہوگا کہ وہ کاروبار کے کام خود انجام دے گا۔امیدوار کی کریڈٹ پوزیشن موزوں اور مستقل رہائش کاروبار کے دائرے میں ہو۔ امیدوار کو انٹرویو پاس کرنا ہوگا جبکہ تعاون کرنے والے اداروں کی شرائط بھی امیداور کے لیےقابل قبول ہوں۔سماجی فروغ بینک نے مزید کہا کہ امیدوار کو فنڈ کے لیے قومی شناختی کارڈ، قومی پتہ، ایبان اکاؤنٹ نمبر اور ابشر میں رجسٹرڈ موبائل نمبر جمع کرانا ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں