موسم کیسا رہے گا ؟ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی آگئی

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جمعرات کے روز ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم شام یا رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا 35 فیصد امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ بعد از دوپہر بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود ہونے کے علاوہ وزیرستان، ہنگو، کرم، کوہاٹ اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم مری، گلیات اور گردونواح میں بعد از دوپہر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے اور بوندا باندی کی توقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا، تاہم گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش بابوسر میں 5 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ آج ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی، دالبندین اور سبی میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نورپور تھل اور بھکر میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔