محکمہ موسمیات نے کراچی اور سندھ کے لیے آئندہ تین دنوں کی موسم کی صورتحال پیش گوئی کر دی ہے۔
ماہرینِ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دوپہر اور شام کے اوقات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں، اتوار اور پیر کے روز بھی شہر کا مطلع زیادہ تر ابر آلود رہے گا اور اس دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
موسمی نظام کی تفصیلات بتاتے ہوئے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ہوا کا شدید کم دباؤ (ڈپریشن) اب کمزور ہو کر سادہ کم دباؤ کی شکل اختیار کر چکا ہے اور فی الوقت جنوب مشرقی راجستھان (بھارت) پر موجود ہے۔ اس موسمی نظام کے زیرِ اثر بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔ مزید برآں، مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی شمالی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے، جس میں مزید شدت آنے اور بالائی و وسطی علاقوں کو لپیٹ میں لینے کا امکان ہے۔
ان مون سون سسٹمز کی وجہ سے دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ بعض علاقوں میں تیز بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ (شہری سیلابی صورتحال) پیدا ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔






