انا للہ و انا ا لیہ راجعون ، ن لیگ کو اچانک بڑا دھچکا ، اہم رہنما چل بسے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی نماز جنازہ آج شام چھ بجے بہاولپور میں ادا کی جائے گی۔ لیگی ایم این اے کے اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کئی ہفتوں سے علیل تھے۔

اہل خانہ کے مطابق ملک محمد اقبال چنڑ کو برین ہمریج ہوا تھا جس کے باعث ان کا آپریشن بھی کیا گیا، اور انہیں بیس روز قبل اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ مرحوم ملک محمد اقبال چنڑ، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ کے والد تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک اقبال چنڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وفات سے ہم ایک مخلص اور نظریاتی عوامی رہنما سے محروم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اقبال چنڑ نے ہمیشہ عوامی خدمت کے جذبے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کیں اور ان کی پارٹی سے وابستگی اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ دیگر مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی ان کے انتقال پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔