ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کی موبائل پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی فقیر حسین اور ہیڈ کانسٹیبل وزیر خان شہید ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ حملہ اس وقت پیش آیا جب متعلقہ پولیس موبائل درابن سے واپس آ رہی تھی اور راستے میں نامعلوم حملہ آوروں نے گاڑی پر اچانک اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے دونوں اہلکار موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کر گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پولیس نے شہید ہونے والے اہلکاروں کی لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔






