ملک میں بارشوں کا نیا طاقتور سلسلہ، اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری

لاہور (آئی این پی): محکمہ موسمیات نے آج 29 جولائی سے ملک بھر میں بارشوں کے نئے طاقتور سلسلے کی پیش گوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرۂ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کریں گی، جبکہ یکم اگست سے مغربی ہواؤں کا ایک مضبوط سلسلہ بھی ملک کے بیشتر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

پیش گوئی کے مطابق آزاد کشمیر میں 5 اگست تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار سے انتہائی موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 29 جولائی سے 4 اگست تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔

جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ملتان، وہاڑی، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں 31 جولائی سے 3 اگست تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 29 جولائی سے 5 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں 6 اگست تک درمیانی سے شدید بارش متوقع ہے۔

بلوچستان کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں 31 جولائی سے 3 اگست تک جبکہ سندھ کے مختلف اضلاع میں 31 جولائی کی شام سے 2 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں 30 جولائی سے 4 اگست تک اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ سندھ کے متعدد نشیبی علاقوں میں بھی پانی جمع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں 30 جولائی سے 5 اگست تک لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ پہاڑی ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کسانوں کو موسمی صورتحال کے مطابق زرعی سرگرمیاں ترتیب دینے اور مویشی پال حضرات کو جانوروں کی حفاظت یقینی بنانے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی تمام متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

close