شرجیل میمن ٹھنڈا پانی پئیں، کشمیری عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا، عظمیٰ بخاری

لاہور (آئی این پی): پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹھنڈا پانی پئیں اور سر پر بھی ڈالیں، کیونکہ آزاد کشمیر کے عوام اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے مبینہ پری پول دھاندلی کے منصوبے ناکام ہوئے اور ہار کے بعد پی ٹی آئی جیسا رویہ اختیار نہیں کرنا چاہیے۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ “پیارے بھائی! ٹھنڈا پانی پئیں اور سر پر بھی ٹھنڈا پانی ڈالیں، صبح ہو گئی ہے، الیکشن ہو چکا ہے اور کشمیری عوام نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے۔ آپ کی غلط فہمیاں دور ہو چکی ہیں اور آپ کی جمع تفریق بھی غلط ثابت ہوئی ہے۔”

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نے انتخاب سے ایک رات قبل بیلٹ پیپرز کے تھیلے پیپلز پارٹی کے امیدوار کے گھر سے پکڑے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ “آپ کا تیر کشمیر کی وادیوں میں گم ہو گیا، جبکہ ہر طرف شیر دھاڑ رہا ہے۔”

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں کشمیری عوام نے مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ جیت کا جشن منانے کے ساتھ ہار کو برداشت کرنا بھی سیکھنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر الیکشن میں شکست کے بعد پی ٹی آئی جیسا مؤقف اختیار کرنا مناسب نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت بننے پر انتخابات شفاف قرار دیے جاتے ہیں تو آزاد کشمیر میں شکست کے بعد دھاندلی کے الزامات لگانا دوہرا معیار ہے، جو کسی جمہوری جماعت کو زیب نہیں دیتا۔

close