//

مون سون بارشوں کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ اہم خبر آگئی

لاہور میں رات گئے شروع ہونے والی مون سون بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی و حبس کی شدت میں کمی آئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں دن بھر وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ممکنہ نقصانات سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ واسا حکام نکاسی آب کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

لاہور میں سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں 42.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ ایئرپورٹ پر 30، جوہر ٹاؤن میں 20.6، اپر مال میں 12.6، کاہنہ میں 6.8، ڈیفنس روڈ پر 3.4 اور واسا ہیڈ آفس گلبرگ میں 2.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول پر ہے، تاہم دریائے سندھ میں کالا باغ اور دریائے چناب میں خانکی کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے۔

حکام کے مطابق کالا باغ کے مقام پر پانی کی آمد 2 لاکھ 69 ہزار جبکہ اخراج 2 لاکھ 62 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ خانکی میں پانی کی آمد ایک لاکھ 13 ہزار اور اخراج ایک لاکھ 6 ہزار کیوسک ہے۔

دریائے چناب کے دیگر مقامات، دریائے راوی، ستلج، سندھ کے مختلف مقامات اور ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 24 جولائی تک پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی صورتحال میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ دریائے راوی اور چناب سے ملحقہ نالوں میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور دریاؤں کے پاٹ میں موجود افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close