امریکا کی 14 وسطی ریاستوں کو بجلی فراہم کرنے والے علاقائی گرڈ آپریٹر نے شدید گرمی اور بجلی کی ریکارڈ طلب کے باعث نظام پر بڑھتے ہوئے دباؤ سے خبردار کیا ہے۔ حکام کے مطابق صورتحال برقرار رہی تو بعض علاقوں میں وقفے وقفے سے بجلی کی بندش (رولنگ بلیک آؤٹ) کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نارتھ ڈکوٹا سے لوویزیانا تک پھیلے علاقے میں شدید گرمی کی لہر کے دوران متعدد پاور پلانٹس اچانک بند ہو گئے، جس کے باعث بجلی کے نظام کا ریزرو مارجن خطرناک حد تک کم ہو گیا۔
صورتحال کے پیش نظر گرڈ آپریٹر ساؤتھ ویسٹ پاور پول نے لیول 3 انرجی الرٹ جاری کیا، جس کا مطلب ہے کہ بجلی کی طلب پوری کرنے کے لیے دستیاب اضافی وسائل کا تقریباً مکمل استعمال کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق الرٹ کے بعد چند گھنٹوں میں صورتحال میں کچھ بہتری آئی اور فی الحال کسی علاقے میں جبری بجلی بندش نہیں کی گئی۔ تاہم اگر بجلی کی طلب میں مزید اضافہ ہوا یا نظام پر دباؤ بڑھا تو بڑے پیمانے پر خرابی سے بچنے کے لیے عارضی اور کنٹرولڈ بلیک آؤٹ کیے جا سکتے ہیں۔
گرڈ حکام کا کہنا ہے کہ انتہائی ہنگامی حالات میں بجلی کے پورے نظام کو ناکامی سے بچانے کے لیے مخصوص علاقوں میں عارضی طور پر بجلی کی فراہمی روکنا ضروری ہو سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






