محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم اور بارشوں کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
لاہور میں علی الصبح ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں اور درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوائیں 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں مزید بارش کا امکان موجود ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
کراچی میں موسم جزوی ابر آلود اور مرطوب ہے، جہاں بعض علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے۔ جنوب مغربی سمت سے 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
کراچی کا فضائی معیار بھی تسلی بخش قرار دیا گیا ہے، جہاں آلودہ ذرات کی مقدار مقررہ حد سے کم ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد میں آج موسم گرم اور شدید حبس والا رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صبح اور شام کے اوقات میں بعض مقامات پر مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔ شہر کا صبح کا درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے دوران درجہ حرارت 38 ڈگری تک پہنچنے کی توقع ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں ہوائیں تقریباً 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 43 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں دن کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بعض مقامات پر بارش متوقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






