اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی اور حبس برقرار ہے، جبکہ ہیٹ انڈیکس خطرناک سطح تک پہنچ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سبی، بہاولپور، ڈی آئی خان، دادو، سرگودھا، حیدرآباد، سکھر، شیخوپورہ، فیصل آباد، پشاور، سیالکوٹ، اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت متعدد شہروں میں شہری شدید گرمی اور حبس کی دوہری شدت کا سامنا کر رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سبی میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم ہوا میں نمی کی بلند شرح کے باعث محسوس ہونے والا درجہ حرارت 68.2 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو ملک میں سب سے زیادہ رہا۔
اسی طرح بہاولنگر میں محسوس ہونے والا درجہ حرارت 56.7 ڈگری، ڈی آئی خان اور دادو میں 55.8 ڈگری، سرگودھا میں 52.7 ڈگری، حیدرآباد میں 51.6 ڈگری اور سکھر میں 51.3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شیخوپورہ میں محسوس ہونے والا درجہ حرارت 50.8 ڈگری، فیصل آباد میں 49.5 ڈگری، پشاور میں 49 ڈگری، بہاولپور میں 48.3 ڈگری، سیالکوٹ میں 45.6 ڈگری، اسلام آباد میں 44.4 ڈگری، جبکہ لاہور اور کراچی میں بالترتیب 41.9 اور 41.8 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کیا گیا۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ زیادہ نمی اور کم رفتار ہواؤں کے باعث جسم کو محسوس ہونے والی گرمی اصل درجہ حرارت سے کہیں زیادہ ہو جاتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی پئیں، ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہنیں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






