اسلام آباد: ملک بھر میں مون سون بارشوں کے پہلے اسپیل کا آغاز ہو گیا، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہونے والی بارش نے کئی روز سے جاری شدید گرمی کا زور توڑ دیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ٹھنڈی ہواؤں نے شہریوں کو گرمی سے ریلیف فراہم کیا۔
وفاقی دارالحکومت میں تیز ہواؤں کے باعث جناح سپر مارکیٹ کی پارکنگ میں ایک درخت گرنے سے وہاں کھڑی دو گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ اطلاع ملنے پر متعلقہ ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور درخت ہٹانے کا عمل شروع کر دیا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس میں بارش کا پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی اور گاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ 6 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






