سندھ میں یکم جون سے بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے صوبہ سندھ کے لیے ہیٹ ویو کا ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل تک پورے صوبے میں شدید اور جان لیوا گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔
صوبے کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ ریکارڈ کیے جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سکھر، شکارپور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور دادو میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ کی ہولناک سطح کو چھو سکتا ہے جبکہ قمبر شہدادکوٹ، موہنجودڑو، گھوٹکی اور خیرپور بھی شدید ترین گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
تھرپارکر، بدین، حیدرآباد اور میرپورخاص میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔
تاہم یکم جون سے گرمی کے ستائے شہریوں کے لیے بارش کی خوشخبری بھی سامنے آئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا، جس میں کہا یکم جون کو قمبر شہدادکوٹ، دادو، میرپورخاص اور تھرپارکر میں بعض مقامات پر گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا۔
کراچی سمیت صوبے بھر میں موسم کی اس شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب اور کھپت میں ریکارڈ اضافے کا امکان ہے، جس سے پاور سپلائی پر دباؤ بڑھے گا۔
محکمہ موسمیات اور ماہرینِ صحت نے شہریوں خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگوں کو سخت احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہیٹ ویو کے دوران بلا ضرورت اور غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں، پانی کا استعمال محتاط اور زیادہ سے زیادہ کریں تاکہ جسم ہائیڈریٹ رہے۔
کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس شدید موسمی صورتحال کے مطابق اپنی فصلوں اور مویشیوں کی دیکھ بھال یقینی بنائیں۔
محکمہ موسمیات نے سندھ حکومت، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال اور ہیٹ اسٹروک کے کیسز سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






