وفاقی حکومت نے قومی بچت کے مختلف سرٹیفکیٹس اور اکاؤنٹس پر منافع کی شرح میں بڑا اضافہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اسٹیٹ بینک کے بنیادی شرح سود کے مقابلے میں قومی بچت کے مختلف سرٹیفکیٹس اور اکاؤنٹس پر منافع کی شرح میں بڑا اضافہ کر دیا ہے۔
محکمہ قومی بچت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ منافع کے ان نئے اور بڑھے ہوئے ریٹس کا اطلاق 26 مئی 2026 سے ہو چکا ہے۔
حکومت کی جانب سے یہ اقدام سرمایہ کاروں کے لیے قومی بچت کی اسکیموں کو مزید پرکشش بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس اور اکاؤنٹس میں پہلے 5 منافعوں پر 11.6 فیصد سالانہ جبکہ آخری منافع پر 12.4 فیصد کی شرح سے بھاری منافع دیا جائے گا۔
شارٹ ٹرم سیونگز سرٹیفکیٹس میں 3 ماہ کے سرٹیفکیٹ پر 10.84 فیصد، 6 ماہ کے سرٹیفکیٹ پر 10.58 فیصد اور 1 سال کے سرٹیفکیٹ پر 11.23 فیصد سالانہ منافع ملے گا۔
ریگولر سیونگز اکاؤنٹس پر منافع کی شرح 10 فیصد سالانہ مقرر کر دی گئی ہے۔
سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ
شریعت کے مطابق سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے بھی منافع بڑھا دیا گیا ہے، 1 سالہ سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ پر اب 10.93 فیصد متوقع سالانہ منافع ملے گا جبکہ 5 سالہ سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ پر متوقع منافع بڑھا کر 11.16 فیصد سالانہ کر دیا گیا ہے۔
محکمہ قومی بچت کے مطابق، چند مقبول ترین اسکیاموں کے ریٹس کو فی الحال برقرار رکھا گیا ہے۔ ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس، بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس، پینشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس اور شہدا فیملی ویلفیئر اکاؤنٹس پر پہلے کی طرح 12 فیصد سالانہ منافع ملتا رہے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں پینشنرز، بیواؤں اور خطرے سے پاک سرمایہ کاری کے خواہشمند افراد کی ایک بہت بڑی تعداد نیشنل سیونگز پر بھروسہ کرتی ہے، اور منافع میں یہ اضافہ ان کے لیے ایک بڑا ریلیف ثابت ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






