محکمۂ موسمیاتِ پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب میں 11 سے 13 مئی کے دوران غیر معمولی موسمی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق لاہور، قصور، پتوکی، شیخوپورہ، اوکاڑہ، نارووال، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ سمیت شمال مشرقی پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید آندھی، گرج چمک اور موسلا دھار بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس دوران “ہیٹ برسٹ” نامی نایاب موسمی کیفیت بھی سامنے آ سکتی ہے، جس میں اچانک گرم اور خشک تیز ہوائیں چلنے لگتی ہیں اور درجۂ حرارت میں وقتی طور پر نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، کمزور عمارتوں سے دور رہنے اور خراب موسم کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





