پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے آفٹر شاکس، مہنگائی مزید بڑھ گئی

ملک میں مہنگائی میں اضافے کی رفتار ایک بار پھر بڑھ گئی ہے اور حالیہ ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.79 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 15.16 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، 14 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 15 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق چکن کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا اور ایک ہفتے میں چکن 48 روپے 40 پیسے فی کلو مہنگا ہو گیا۔ اسی دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 74 روپے 75 پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ڈیزل 19 روپے 47 پیسے اور پیٹرول 6 روپے 56 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا۔ دودھ 2 روپے 77 پیسے، دہی 4 روپے اور بیف 8 روپے 3 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔

رپورٹ کے مطابق مٹن، آلو، چائے، کیلے، کوکنگ آئل، پاؤڈر ملک اور سگریٹ بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

دوسری جانب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹماٹر، لہسن، انڈے، دال مسور، پیاز اور دال ماش کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق چکن، پیٹرولیم مصنوعات، خام تیل اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے ہفتہ وار مہنگائی پر نمایاں اثر ڈالا ہے، جبکہ تازہ دودھ، گوشت، مٹن اور آلو کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر مہنگائی کے بوجھ کو مزید بڑھا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close