خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں بارشوں کے باعث فلیش فلڈ کے خطرے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سوات، دیر اپر و لوئر اور چترال اپر و لوئر کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادارے کے مطابق نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان موجود ہے، جس کے باعث عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات اور خطرے سے دوچار آبادیوں کی نشاندہی مکمل کرنے اور ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب رہنے والے افراد کو پیشگی آگاہی دینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ خطرے والے علاقوں سے آبادی کے بروقت انخلاء کے عمل کو یقینی بنایا جائے اور نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب ٹریفک کی نقل و حرکت بھی محدود رکھی جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






