وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق خیبرپختونخوا میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.4 ریکارڈ کی گئی، جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں آنے والے جھٹکوں کی شدت 5.5 بتائی گئی ہے۔ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش ریجن تھا اور اس کی زیر زمین گہرائی 199 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
پشاور کے علاوہ مردان، دیر اپر، دیر لوئر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بالاکوٹ، کاغان اور ہری پور سمیت مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اسی طرح صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، شانگلہ، چترال، باجوڑ، کرم، پاراچنار، کرک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی زمین لرز اٹھی۔
ملاکنڈ، سوات، سیدو شریف، بریکوٹ، کالام، سخاکوٹ اور درگئی سمیت دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقے پسنی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جہاں ریکٹر اسکیل پر شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس زلزلے کی گہرائی 13 کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز پسنی سے 48 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع تھا۔
ادھر کراچی کے علاقے ملیر اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.4 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ کراچی میں آنے والے زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر زیر زمین تھی اور اس کا وقت دوپہر 1 بج کر 13 منٹ ریکارڈ کیا گیا۔
ملیر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہری گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔ خوش قسمتی سے اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






