ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی: میزبان بھارت نے نیوٹرل وینیو کی پاکستان کی درخواست مسترد کردی

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے میچز بھارت سے کسی غیر جانبدار مقام پر منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی گئی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے درخواست کی تھی کہ پاکستان کے میچز کسی نیوٹرل مقام پر کرائے جائیں یا مکمل ٹورنامنٹ ہی بھارت سے باہر کسی غیر جانبدار ملک میں منتقل کیا جائے۔

ہاکی انڈیا کے سیکریٹری جنرل بھولا ناتھ سنگھ نے پاکستان کی درخواست پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی بھارت میں ہی کھیلی جائے گی اور پاکستان کو بھارت میں آکر کھیلنا ہوگا۔

بھارتی مؤقف کے مطابق اگر پاکستان ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرتا تو پہلے سے اعلان کردہ متبادل ٹیم کو شامل کیا جائے گا۔

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک بھارتی پنجاب کے شہروں جالندھر اور موہالی میں منعقد ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔

دو روز قبل بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ نے بھی ٹورنامنٹ کے شیڈول کے اعلان کے موقع پر دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرے گی۔

دوسری جانب ایشین ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پاکستان کی درخواست پر تاحال کوئی حتمی مؤقف سامنے نہیں آیا، جبکہ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے بھی صورتحال واضح نہیں ہے۔