لاہور: پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر انگلش کاؤنٹی کلب نوٹنگھم شائر کا حصہ بن گئے ہیں۔ کلب انتظامیہ کے مطابق محمد عامر کے ساتھ ویٹالٹی بلاسٹ کے باقی ماندہ میچز کے لیے مختصر مدت کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
نوٹنگھم شائر نے محمد عامر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ برطانوی پاسپورٹ رکھنے کے باعث وہ اوورسیز کھلاڑی کے بجائے مقامی کھلاڑی کے طور پر دستیاب ہوں گے۔
محمد عامر نے اپنے بیان میں کہا کہ نوٹنگھم شائر کی نمائندگی کرنا ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کلب کے بارے میں بہت کچھ سن چکے ہیں اور میدان میں اترنے کے لیے پُرجوش ہیں۔
دوسری جانب محمد عامر کے دی ہنڈرڈ میں شرکت کے امکانات بھی روشن ہیں۔ ذرائع کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے مختلف فرنچائزز سے رابطہ کر کے محمد عامر کو مقامی کھلاڑی کے طور پر دستیاب ہونے سے آگاہ کر دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق محمد عامر کا ٹرینٹ راکٹس کے ساتھ معاہدہ متوقع ہے، جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط بھی ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ محمد عامر کو حال ہی میں برطانوی شہریت حاصل ہوئی ہے اور برطانوی حکومت کی جانب سے انہیں پاسپورٹ جاری کیا جا چکا ہے، جس کے بعد وہ انگلش ڈومیسٹک کرکٹ میں مقامی کھلاڑی کی حیثیت سے حصہ لے سکیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






