اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون خریدنے والے صارفین کے لیے اہم پیغام جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی یا پی ٹی اے سے غیر منظور شدہ موبائل فونز “ڈیوائس آئیڈینٹیفکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم” (DIRBS) کے تحت خودکار طور پر بلاک کر دیے جاتے ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق فراڈ، اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے متعارف کرایا گیا DIRBS نظام پاکستان میں استعمال ہونے والے موبائل فونز کی رجسٹریشن کو یقینی بناتا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ بین الاقوامی موبائل آلات کے آئی ایم ای آئی نمبرز کی نشاندہی کر کے انہیں نیٹ ورک سے منقطع کر دیا جاتا ہے، جس کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پی ٹی اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ موبائل فون خریدنے سے قبل اس کی قانونی حیثیت ضرور چیک کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ڈیوائس پی ٹی اے سے منظور شدہ ہو۔
اعلامیے کے مطابق بیرون ملک سے لائے گئے موبائل فونز کی رجسٹریشن کے لیے وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مقررہ ٹیکسز ادا کرنا اور ڈیوائس کو پی ٹی اے سے رجسٹر کروانا ضروری ہے، بصورت دیگر موبائل فون کسی بھی وقت بلاک ہو سکتا ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ صرف قانونی اور رجسٹرڈ موبائل فونز خریدیں تاکہ مستقبل میں کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






