’پاکستان محفوظ ترین ملک ہے‘غیر ملکی کرکٹر پاکستان کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوئے

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین سیریز سکیورٹی خدشات کے باعث منسوخ ہوگئی ہے۔ترجمان پی سی بی کے مطابق آج نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آگاہ کیا ہے کہ انہیں سیکورٹی کے حوالے سے الرٹ کیا گیا ہے اس لئے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اچانک فیصلے سے جہاں کرکٹ کے شوقین افراد کو دھچکا پہنچا وہیں نیوزی لینڈ کے اچانک سیریز منسوخ کرنے پر غیر ملکی کرکٹرز بھی حیران رہ گئے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹر روتھرفورڈ نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاک نیوزی لینڈ سیریز ختم ہونا افسوسناک ہے، میں کئی ممالک گیا ہوں، پاکستان کرکٹ کے لیے محفوظ ترین ملک ہے، پاکستانی دوستوں کے لیے سیریز ختم ہونا اچھی خبر نہیں ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان 18 سال بعد ایک بار پھر اپنی سرزمین پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرنے کے لیے پرعزم تھا ۔مہمان ٹیم آئی سی سی ورلڈکپ 2019ء کی فائنلسٹ اور آئی سی سی رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 107 ون ڈے کھیلے گئے جن میں سے 55 میں پاکستان جبکہ 48 میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی ہے، 1 میچ برابر جبکہ 3 بے نتیجہ ختم ہوئے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ون ڈے 11 فروری 1973ء جبکہ آخری میچ 26 جون 2019ء کو ورلڈ کپ میں کھیلا گیا تھا۔نیوزی لینڈ نے آخری مرتبہ 2003ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں پاکستان نے5 میچز پر مشتمل ون ڈےانٹرنیشنل سیریز میں کلین سویپ کیا تھا۔ اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے 3 مرتبہ نیوزی لینڈ کی میزبانی کی تاہم یہ تینوں سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئیں۔ ورلڈکپ 2019ء کی فائنلسٹ نیوزی لینڈ کی ٹیم 121 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہے جبکہ پاکستان کا نمبر چھٹا ہے۔

close