پیپلز پارٹی کا قومی اسمبلی میں گورنر راج کی حکومتی قرارداد کے حق میں ووٹ دینے کا فیصلہ

پاکستان پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ سے متعلق حکومتی قرارداد کے حق میں ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

منگل کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ارکان کو خیبرپختونخوا کی موجودہ صورتحال اور وفاقی حکومت کے مجوزہ اقدامات سے آگاہ کیا گیا اور ارکان کو قومی اسمبلی میں نئی قانون سازی سے متعلق بھی اعتماد میں لیا گیا۔

 

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں اراکین کو خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ پر اعتماد میں لیا جبکہ کمیٹی کو اس معاملے پر بریفنگ بھی دی گئی، پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے حوالے سے پیش کی جانے والی قرارداد اور مختلف بلوں پر ووٹ دے گی۔

 

دوسری جانب حکومت نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج سے متعلق حکمت عملی تیار کر لی ہے جس کی توثیق کے لیے کل قومی اسمبلی میں قرارداد لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جمعرات کو طلب کر لیا گیا ہے۔

 

اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، خیبرپختونخوا کے حالات اور وفاقی حکومت کے آئندہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے پارلیمانی ارکان کو خیبرپختونخوا کی موجودہ صورتحال اور وفاقی حکومت کی حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا، شرکا کو صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کی وجوہات اور اس سلسلے میں حکومت کے آئندہ اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کا فیصلہ مجبوری میں کیا، ملک کی خوشحالی اور وقار سے بڑی کوئی چیز نہیں۔