کفایت شعاری مہم کے تحت قومی اسمبلی اور سینیٹ نے ایندھن کی بچت کے لیے اقدامات نافذ کر دیے۔
قومی اسمبلی کے مطابق 50 فیصد عملہ دفاتر میں اور 50 فیصد گھر سے کام کرے گا۔ گھر سے کام کرنے والا عملہ فون، ای میل اور واٹس ایپ پر دستیاب رہے گا اور ایک گھنٹے کے نوٹس پر دفتر آنا ہوگا۔ کوئی ملازم مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر اسٹیشن نہیں چھوڑ سکے گا۔
سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں تین ماہ کے لیے 50 فیصد کٹوتی ہوگی اور نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی ہوگی۔ غیر تنخواہ بجٹ میں مالی سال 27-2026 کے لیے 5 فیصد کٹوتی ماہانہ بنیاد پر ہوگی۔ اجلاس ترجیحاً ٹیلی کانفرنسنگ سے ہوں گے، انٹرا سٹی میٹنگز مستثنیٰ ہوں گی اور اجلاسوں کی تعداد کم رکھی جائے گی۔
دوسری جانب سینیٹ میں بھی چیئرمین نے کفایت شعاری اقدامات کی منظوری دے دی۔ اجلاس نہ ہونے پر جمعہ کو ملازمین گھر سے کام کریں گے اور فون، ای میل، واٹس ایپ پر دستیاب رہیں گے۔ دفتری اوقات پیر تا جمعرات صبح 9 سے شام 4 بجے ہوں گے۔
سینیٹ میں بھی ایندھن میں 50 فیصد کٹوتی، گاڑیوں کی خریداری پر پابندی، غیر تنخواہ بجٹ میں 5 فیصد کٹوتی اور اجلاس کم سے کم رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے۔ تمام اشیا کی خریداری پر پابندی ہوگی سوائے آئی ٹی کے، تین ماہ تک غیر ملکی دوروں اور غیر ملکی وفود کے سوا سرکاری عشائیوں پر بھی پابندی ہوگی۔






