ایرانی ایئرلائنز پر امریکی پابندیوں کی دھمکی، چین نے مخالفت کردی

چین نے ایرانی ایئرلائنز پر ممکنہ امریکی پابندیوں کی مخالفت کرتے ہوئے انہیں غیر قانونی قرار دیا ہے۔

 

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے کہا کہ بیجنگ ایسی یک طرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے جن کی بنیاد بین الاقوامی قانون یا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اجازت پر نہ ہو۔

 

یہ بیان امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کی جانب سے ایرانی ایئرلائنز کے خلاف نئی پابندیوں کی دھمکی کے ایک روز بعد سامنے آیا۔ بیسنٹ نے کہا تھا کہ واشنگٹن ایرانی فضائی کمپنیوں پر دباؤ بڑھانے کے لیے اقدامات کر سکتا ہے جس سے ان کی بین الاقوامی سرگرمیاں متاثر ہوں گی۔

 

گو جیاکون نے کہا کہ چین اصولی طور پر ایسی پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے اور بین الاقوامی معاملات میں عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے کردار کو مدنظر رکھنا چاہیے۔

 

یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب امریکا اور ایران میں کشیدگی جاری ہے اور واشنگٹن تہران پر معاشی دباؤ بڑھا رہا ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ 23 سے 25 ستمبر تک امریکا کا دورہ کرنے والے ہیں جہاں ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات متوقع ہے، جس سے ایران کے معاملے پر واشنگٹن اور بیجنگ میں پالیسی اختلاف نمایاں ہو گیا ہے۔