*اسلام آباد سومنات نہیں، یہ اسلام کا قلعہ ہے، خواجہ آصف کا جنید اکبر کے بیان پر شدید ردعمل*
وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نہ اسلام آباد سومنات ہے اور نہ یہ شخص محمود غزنوی ہے۔ اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت، اسلام کا قلعہ اور وفاق کی علامت ہے۔
ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ مخالفین کی زبان بتا رہی ہے کہ وہ کتنے پاکستانی ہیں اور اقتدار کے لیے کس حد تک جا سکتے ہیں۔ کیا خیبرپختونخوا میں روز بہنے والے خون پر ان کا دل نہیں دکھتا؟
انہوں نے سوال اٹھایا کہ 27 ستمبر کو جس حملے کی بات کی جا رہی ہے، کیا وہ طالبان کا حملہ ہے؟ کیا افغان شہری اس لشکر کا حصہ ہوں گے؟ وفاق پوری قوت سے اس کا دفاع کرے گا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کو دیکھ چکے ہیں کہ اقتدار کے لیے یہ لوگ کس حد تک جا سکتے ہیں۔ یہ لوگ کل بھی امن اور پاکستان کے دشمن تھے، آج بھی ہیں۔
واضح رہے کہ جنید اکبر نے 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے کہا تھا کہ “اسلام آباد کو ہم سومنات بنائیں گے، تباہ کر دیں گے، لاشیں اٹھائیں گے”۔ اس اشتعال انگیز بیان کے بعد سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔






