ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) پر پابندیاں عائد کرنے کی تیاری کا انکشاف ہوا ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل نے اتوار کو حکام کے حوالے سے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ 6 سے 7 ماہ کی مہلت کے بعد عالمی فوجداری عدالت کے ساتھ زیادہ تر لین دین پر پابندی عائد کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ پابندیاں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد عالمی فوجداری عدالت کے خلاف واشنگٹن کی کوششوں میں نمایاں شدت کی عکاسی کرتی ہیں۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق دستاویزات اور امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان پابندیوں کے نتیجے میں عدالت کے لیے امریکی ڈالر میں مالی لین دین ممکن نہیں رہے گا، جس سے اسے عالمی مالیاتی نظام کے بڑے حصے سے الگ کیے جانے کا خدشہ ہے اور اس اقدام سے عالمی فوجداری عدالت کے کام کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔






